”ورلڈ الیون کا کپتان بن کر پاکستان گیا تو وہاں دیکھا کہ۔۔۔“ فاف ڈوپلیسی نےایسی بات کہہ دی کہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو جائے گا

کیپ ٹاؤن (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو ایک مرتبہ پھر بہترین قرار دیتے ہوئے دیگر ٹیموں کی دورہ پاکستان کیلئے حوصلہ افزائی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ میں نے دورہ پاکستان میں شاندار سیکیورٹی دیکھی،

بطور ورلڈ الیون کپتان دورہ پاکستان محفوظ رہا اور وہاں بہت ہی بہترین سیکیورٹی تھی، پاکستان سفر کرنے سے پہلے ذہن میں بہت سوالات تھے مگر وہاں سب ٹھیک ہے اور پاکستان میں کرکٹ ہونی چاہئے۔ فاف ڈوپلیسی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کو 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے پر قائل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے اور کرکٹ آسٹریلیا نے بھی ماضی کے برعکس اس مرتبہ مثبت ردعمل دیا ہے۔ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کی جانب سے مثبت جواب ملنے کے بعد گزشتہ روز ایک اور بڑی پیش رفت آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایرون فنچ اور عثمان خواجہ کے دورہ پاکستان پر رضامندی کی صورت میں سامنے آئی اور دونوں کھلاڑیوں نے ہی اعلان کیا کہ پاکستان میں سیکیورٹی حالات ٹھیک ہے تو کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ فاف ڈوپلیسی نے ایسے موقع پر پاکستان میں سیکیورٹی کو بہترین قرار دے کر پاکستانیوں سے ملنے والی محبت کا حق ادا کیا ہے کیونکہ اس سے ناصرف دیگر آسٹریلین کھلاڑی بھی پاکستان آنے کے بارے میں ضرور سوچیں گے اور دیگر ٹیموں کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی کہ وہ پاکستان آ کر کھیلیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں